باجوڑ: سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید

روالپنڈی:ضلع باجوڑ میں افغانستان سے سرحد پار دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق باجوڑ میں دہشت گردوں نے سرحد پار سے پاکستانی فوجی چوکی پر فائرنگ کی۔ گولیاں لگنے سے حوالدار تنویر شہید اور ایک جوان زخمی ہوگیا۔پاکستان مسلسل افغانستان کے ساتھ سرحدی انتظام کا معاملہ اٹھارہا ہے تاہم افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔واضح رہے کہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کا یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ ایسے حملے ہوئے ہیں جن میں پاک فوج کے جوان اور شہری شہید ہوچکے ہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل اقوام متحدہ کی جانب سے بھی کہا گیا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی افغانستان سے ہوتی ہے، کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور جماعت الاحرار دہشت گردی میں ملوث ہیں۔عالمی ادارے کی رپورٹ کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی قیادت افغانستان سے پاکستان میں دہشت گرد کارروائیاں کراتی ہے۔رپورٹ میں بھارت میں موجود دہشت گرد عناصر پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بھارت میں موجود دہشت گرد عناصرسے پڑوسی ممالک کو خطرہ ہے۔ تاہم اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم نے بھارتی دہشت گردی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی افغانستان کی سرزمین سے ہورہی ہے۔